اسلام آباد(نیوزڈیسک )موسم گرما کی دھوپ اور تپش میں نکلیں توگرمی کے ساتھ پیاس بھی بےچین کیے دیتی ہے ،ایسے میں گنے کا ٹھنڈا میٹھا مشروب مل جائے تو جسم و جاں کو توانائی اور تروتازگی سی مل جاتی ہے۔ دن ہوں گرم ترین ماہ جون کے ،طلباءکو پڑھائی اور ملازمین یا کاروباری افراد کو اپنے کاموں کیلئے تو نکلنا ہے ،دھوپ اور تپش کا سامنا کرنا پڑے تو پیاس انتہا پر اور نظریں کسی مشروب کو ڈھونڈنے لگتی ہیں ،ایسے میں گنے کا ٹھنڈا میٹھا رس مل جائے تو پینے والے کو اور کیا چاہیے۔ گنے کا رس سستا بھی ہے اور ہر لحاظ سے مفید بھی ،تاہم بعض جگہوں پرگنے کو آلودہ پانی میں رکھنے سے یہ صحت کیلئے نقصان دہ بھی ہے۔ گرمیوں میں کہیں بھی جائیں جگہ جگہ گنے کے رس کی ریڑھیاں اور اسٹال سجے دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گنے کا رس زباں کو مزہ ، جسم کو راحت اور روح کو تازگی پہنچاتا ہے ،گرمی کے ستائے اور کام سے تھکے ہارے افراد کے لیے یہ کسی نعمت سے کم نہیں۔