سئیول(نیوزڈیسک)جنوبی کوریا کی وزارت صحت نے اتوار کو بتایا کہ نظام تنفس کے ایک وائرس (مرس) سے مزید سات افراد متاثر ہو چکے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 145 ہو گئی ہے۔عالمی ادارہ صحت نے اس صورتحال کو “وسیع اور پیچیدہ” قرار دیا ہے۔اب تک اس وائرس سے متاثرہ 14 مریضوں کی موت بھی واقع ہو چکی ہے جن میں بڑی تعداد عمر رسیدہ لوگوں کی ہے۔مرنے والوں میں اس ایمبولینس کا ڈرائیور بھی شامل ہے جو وائرس سے متاثرہ مریضوں کو اسپتال لایا کرتا تھا۔باور کیا جاتا ہے کہ مشرق وسطیٰ ریسپائٹری سنڈروم (مرس) نامی وائرس حال ہی میں مشرق وسطیٰ سے واپس آنے والے ایک کارروباری شخص کے ذریعے ملک میں منتقل ہوا۔ہفتہ کو جنوبی کوریا اور عالمی ادارہ صحت کے عہدیداروں نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا تھا کہ اب تک یہ وائرس پوری طرح عوام میں نہیں پھیلا لیکن ایسے افراد کی تعداد ہزاروں میں ہو سکتی ہے جن کا وائرس سے متاثرہ لوگوں سے میل جول رہا ہو۔حکام کے بقول ایسے افراد کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے اور ملک میں ہزاروں اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔اس صورتحال کے تناظر میں صدر پارک گیون ہئی نے آئندہ ہفتے ہونے والا اپنا دورہ امریکہ بھی ملتوی کر دیا ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں