اسلا م آباد(نیوزڈیسک )سماجی رابطوں کی ویب سائٹس جیسے فیس بک کے حوالے سے اکثر منفی تحقیقی رپورٹس سامنے آتی رہتی ہیں تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ یہ سوشل نیٹ ورکس آپ کو تمباکو نوشی کی عادت ترک کرنے میں مدد فراہم کرسکتے ہیں۔یہ بات کینیڈا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی ہے۔واٹرلو یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق جو لوگ تمباکو نوشی کی عادت کو ترک کرنے کے لیے فیس بک یا ٹوئٹر کا استعمال کرتے ہیں ان کی کامیابی کا امکان روایتی طریقوں کے مقابلے میں دوگنا بڑھ جاتا ہے۔تحقیق کے دوران نوجوانوں کے ایک گروپ کو سوشل میڈیا کی ایک مہم میں شامل کیا گیا اور اس کے دوران لوگوں کو اسمارٹ فون اپلیکشن فراہم کی گئی تاکہ ان کے اندر یہ بری عادت ترک کرنے کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ایک اور گروپ کو ٹیلیفون کے ذریعے مدد فراہم کی گئی اور 3 ماہ بعد یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ سوشل میڈیا مہم کا حصہ تھے ان میں سے 32 فیصد تمباکو نوشی کو ترک کرنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ فون کے ذریعے معاونت لینے والے گروپ میں یہ شرح 14 فیصد رہی۔محقق ڈاکٹر بروس بسکرویلی کے مطابق تحقیق کے نتائج یہ عندیہ دیتے ہیں کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کو صحت بہتر بنانے کے لیے خاص طور پر نوجوانوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے زیادہ موثر طریقے سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔