لندن(نیوزڈیسک) ہم بڑوں سے سنتے آئے ہیں کہ کھانا کھانے کے دوران ساری توجہ صرف کھانے پر رکھنی چاہیئے اور اب سائنس دانوں نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ کھانا کھانے کے دوران ٹی وی دیکھنے یا موبائل فونز پر مشغول ہونے کے اثرات موٹاپے کی شکل میں ظاہر ہوتے ہیں۔برطانیہ کی برمنگھم یونیورسٹی سے منسلک ماہرین کے مطابق ہمارے کھانے سے متعلق یاداشت ہماری بھوک میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اگر ہم کھانے کے دوران اپنی خوراک کے بجائے دیگر مشاغل مثلا ٹی وی،کمپیوٹر یا فونز پر مشغول ہوتے ہیں تو ان کے اثرات ہماری یادداشت پر اثرانداز ہوتے ہیں اور ہم یہ یاد نہیں رکھ پاتے کہ ہم پہلے کھانا کھا چکے ہیں۔ اسی لئے جو لوگ کھانا کھاتے ہوئے ٹی وی دیکھتے ہیں وہ بعد میں بھی قابل ذکر مقدار میں کھانا کھاتے ہیں جو موٹاپے کی وجہ بنتا ہے۔