سڈنی(نیوزڈیسک)اپنی بری عادت کی وجہ سے سگریٹ نوش افراد کے مرنے کا امکان 66فیصد زیادہ ہوتا ہے۔آسٹریلیا میں کی جانے والی دولاکھ سے زائد سگریٹ نوش لوگوں پر تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ سگریٹ پینے والے افراد کی عمر باقی لوگوں کی نسبت دس سال کم ہوتی ہے لیکن ایک اچھی چیز یہ ہے کہ جو لوگ 45سال کی عمر سے قبل تمباکونوشی ترک کردیتے ہیں ان میں اس کے خطرناک اثرات ختم ہوسکتے ہیں۔
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ دن میں 10سگریٹ پینے والے افراد کے جلد مرنے کا چانس دوگنا ہوتا ہے جبکہ روزانہ 25سگریٹ پینے والے افراد میں یہ رسک پانچ گنا بڑھ جاتا ہے۔ماضی کی تحقیقات میں یہ سمجھا جاتا تھا کہ سگریٹ نوشی کی وجہ سے مرنے کا احتمال 50-50ہوتا ہے لیکن جدید تحقیق میں علم ہوا ہے کہ یہ رسک اس سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی کی تحقیق کار پروفیسر ایملی بینکس کا کہنا ہے کہ موجودہ تحقیق کے بعد سگریٹ نوشی کے نقصانات اور اس سے یقینی موت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اس کا کہنا تھا کہ لوگوں کو چاہیے کہ اپنی جان پر ظلم نہ کریں اور اس گندی عادت سے چھٹکارا پالیں جو صرف اور صرف جلد موت کی طرف لے کر جارہی ہے۔