راولپنڈی۔۔۔۔سانحہ پشاور کے حوالے سے افغان حکام سے بات چیت کے لئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر ہنگامی دورے پر افغانستان پہنچ گئے ہیں۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق آرمی چیف افغان صدر اشرف غنی اور ایساف کمانڈر سے ملاقات کریں گے جس میں پشاور میں ہونے والے دہشت گردی کے افسوسناک واقعے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آرمی چیف افغان حکام سے کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ کی پاکستان حوالگی کا مطالبہ بھی کریں گے۔ آرمی چیف کے ہنگامی دورہ افغانستان کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز دہشت گردوں نے پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملہ کیا جس میں 132 بچوں سمیت 144 افراد شہید جب کہ 120 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔















































