کرک / پشاور۔۔۔۔۔تحریک انصاف اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے کارکنان کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے پشاور میں بھی انٹرچینج بلاک کردی جس سے پی ٹی آئی کے قافلوں کو اسلام آباد روانگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور لکی مروت سے آنے والے کارکنان کا کرک کے انڈس ہائی وے پر خالد محمود سومرو کے قتل کے خلاف احتجاج کرنے والے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے کارکنان سے راستہ نہ دینے کے تنازع پر تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے، تصادم کے دوران مشتعل افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر مداخلت کرکے تصادم ختم کرادیا جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا۔دوسری جانب پشاور میں بھی جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے احتجاج کرکے پشاور انٹرچینج بلاک کردی جس کے باعث اسلام آباد جلسے میں شرکت کے لئے جانے والے تحریک انصاف کے قافلوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک بھی متبادل راستہ اختیار کرتے ہوئے جی ٹی روڈ سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔