اسلام آباد (نیوز ڈیسک) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے بیرونِ ملک سے واپس بھیجے گئے چار ہزار سے زائد افراد سے متعلق تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔ ان تحقیقات کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں جن میں جعلی اور مشکوک سفری دستاویزات کے استعمال کا پتہ چلا ہے۔ذرائع کے مطابق کئی مسافروں کو بیرونِ ملک بھجوانے کے لیے غلط ویزوں اور جعلی کاغذات کا سہارا لیا گیا، جس کے نتیجے میں انہیں مختلف ایئرپورٹس سے ڈی پورٹ کیا گیا۔ تفتیش کے عمل میں ایسے ایجنٹس اور سہولت کاروں کی نشاندہی بھی کی گئی جو شہریوں کو دھوکہ دے کر غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے میں ملوث تھے۔
ایف آئی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ غلط اور جعلی دستاویزات پر مسافروں کو بیرونِ ملک بھیجنے کی کوشش کرنے والے ایجنٹس کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات درج کرنے کی تیاری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی پورٹ ہونے والے مسافروں کے بیانات کی روشنی میں مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جن کی بنیاد پر ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کو تیز کیا جائے گا۔ یہ اقدامات شہریوں کو غیر قانونی طریقوں سے بیرونِ ملک بھیجنے کے رجحان کی روک تھام کے لیے کیے جا رہے ہیں۔















































