اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستانی صارفین کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ایک اور خوش آئند اطلاع سامنے آ گئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مسلسل چوتھی بار عوام کو ایندھن کی قیمتوں میں ریلیف دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق 16 جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے، جس سے نئے سال کے آغاز پر ملنے والے ریلیف کے بعد صارفین کو مزید سہولت حاصل ہو سکتی ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 59 پیسے تک کمی ہو سکتی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، جبکہ مٹی کا تیل 1 روپے 82 پیسے اور لائٹ ڈیزل 2 روپے 8 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ابتدائی ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے، اور اوگرا 15 جنوری کو اپنی سفارشات پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گا۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، جو آئندہ پندرہ روز کے لیے نافذ العمل ہوں گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل یکم جنوری 2026 کو پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 8 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔حکام کے مطابق قیمتوں میں اس ممکنہ کمی کی بنیادی وجوہات عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی، کسٹمز ڈیوٹی میں کمی اور کرنسی ریٹ میں اتار چڑھاؤ ہیں۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں 11 جنوری کو پیٹرول کی قیمت 2 ڈالر 74 سینٹ فی بیرل کم ہو کر 66 ڈالر 54 سینٹ فی بیرل تک آ گئی تھی۔















































