اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور بھارتی فنکار دلجیت دوسانجھ کی پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ اب بھارتی شائقین بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دیکھ سکیں گے۔
سیاسی تناؤ اور فلم میں ہانیہ عامر کی موجودگی پر سامنے آنے والے اعتراضات کے باعث اسے بھارت کے سینما گھروں میں ریلیز نہیں کیا جا سکا تھا، تاہم اب او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے ذریعے بھارتی ناظرین کے لیے بھی پیش کر دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کامیڈی اور ہارر پر مشتمل یہ فلم 9 نومبر کو بھارتی او ٹی ٹی سروس پر ریلیز کی گئی۔ اس سے قبل فلم پاکستان سمیت کئی دیگر ممالک میں سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جا چکی ہے۔ ’سردار جی 3‘ نے 27 جون 2025 کو پاکستان اور مختلف عالمی مارکیٹس میں اپنی ریلیز کا آغاز کیا تھا۔بھارت میں سینما گھروں تک رسائی نہ ملنے کے باوجود فلم پاکستان میں کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب رہی۔ فلمی نمائش کے شعبے سے وابستہ ندیم مانڈوی والا کے مطابق اس پنجابی فلم نے پاکستانی باکس آفس پر لگ بھگ 60 کروڑ روپے کا بزنس کیا، جس کے باعث اسے ملک کی کامیاب ترین پنجابی فلموں میں شمار کیا جانے لگا۔دوسری جانب دلجیت دوسانجھ نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں کو زیادہ وقت ایک ساتھ گزارنے کا موقع نہیں ملا، لیکن ہانیہ ایک بہترین اور پروفیشنل اداکارہ ہیں۔ انہوں نے سیٹ پر ان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو خوشگوار قرار دیا۔
دلجیت نے ہانیہ عامر کے کام کے لیے اپنی قدر دانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسرے لوگوں کی نجی زندگی اور ذاتی حدود کا احترام کرتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے وہ اپنی پرائیویسی کو اہم سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خصوصاً خواتین کی ذاتی زندگی اور نجی معاملات میں مداخلت سے گریز کرتے ہیں اور ان کی حدود کا خیال رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی پہلی ملاقات گزشتہ سال اکتوبر میں لندن میں ہوئی تھی۔ اس موقع پر ہانیہ نے دلجیت کے بین الاقوامی میوزک ٹور کے ایک کنسرٹ میں شرکت کی تھی، جہاں گلوکار نے انہیں اسٹیج پر مدعو بھی کیا تھا۔



















































