اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے آخرکار یہ راز کھول دیا کہ وہ کاجول اور ٹوئنکل کھنہ کے ٹاک شو ’ٹو مچ‘ میں کیوں نظر نہیں آئے۔کاجول اور ٹوئنکل کھنہ کچھ عرصے سے اپنے ٹاک شو کی میزبانی کر رہی ہیں، جس میں سلمان خان، عامر خان، کرن جوہر، عالیہ بھٹ، جھانوی کپور اور کریتی سینن سمیت کئی بڑے فنکار شرکت کر چکے ہیں۔ تاہم مداح مسلسل یہ سوال اٹھا رہے تھے کہ شاہ رخ خان جیسے سپر اسٹار کی غیرموجودگی کی وجہ کیا ہے؟بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے انٹرویو میں شاہرخ نے اس حوالے سے وضاحت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں شو میں آنے کی دعوت دی گئی تھی، مگر ایک فلم کی شوٹنگ کے باعث وہ وقت نہ نکال سکے اور یہ بات وہ کاجول کو پہلے ہی بتا چکے تھے۔
شاہ رخ خان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شو کے تمام سیگمنٹس میں شرکت انہیں پسند ہے، سوائے کھانے کے حصے کے کیونکہ اس میں ایسی چیزیں شامل ہوتی ہیں جو ان کے لیے مشکل ہیں۔ انہوں نے کاجول اور ٹوئنکل سے پیشگی معذرت بھی کی کہ مصروفیات کی وجہ سے وہ شو میں شامل نہ ہوسکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ شرکت نہ کرنے کے ازالے کے طور پر انہوں نے شو کی تمام اقساط دیکھ لی ہیں اور شو کو سراہا بھی ہے۔خیال رہے کہ شاہ رخ خان اس وقت اپنی نئی فلم ’کنگ‘ پر کام کر رہے ہیں۔ بازو میں چوٹ لگنے کی وجہ سے چند ہفتے قبل شوٹنگ روک دی گئی تھی، تاہم جلد دوبارہ کام شروع ہونے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔















































