کراچی — معروف اینکر اور انویسٹی گیٹو جرنلسٹ اقرار الحسن ایک بار پھر اپنی نجی زندگی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں، اقرار الحسن اور ان کی اہلیہ عروسہ خان کی شادی کی سالگرہ کی ایک تصویر گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں حیرت انگیز طور پر اقرار کی پہلی بیوی قرۃ العین اقرار بھی موجود تھیں۔ اس منظر نے صارفین کو چونکا بھی دیا اور ان کی دلچسپی بھی بڑھا دی۔
اقرار الحسن کی تین شادیوں کی خبریں پہلے سے ہی لوگوں میں گفتگو کا باعث رہی ہیں۔ 2023 میں اقرار نے اپنی تیسری شادی کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ یہ نکاح پہلی بیوی قرۃ العین کی رضا مندی سے ہوا تھا۔ عروسہ خان اور قرۃ العین کے درمیان خوشگوار تعلقات ہونے کا ذکر اقرار کئی انٹرویوز میں کر چکے ہیں۔حال ہی میں اقرار اور عروسہ نے اپنی شادی کی دوسری سالگرہ منائی، اور اس تقریب میں قرۃ العین اقرار بھی موجود تھیں۔ عروسہ خان نے یہ تصویر شیئر کی جسے اقرار الحسن نے بھی ری پوسٹ کیا، اور تصویر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر دلچسپ اور تنقیدی تبصروں کی بھرمار ہوگئی۔
اگرچہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ تقریب کب ہوئی، لیکن تصویر نے صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ کچھ لوگوں نے اس خاندانی ہم آہنگی کو قابلِ تعریف قرار دیا، جبکہ بعض نے حیرت کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ اقرار الحسن نے پہلی شادی 2006 میں نیوز اینکر قرۃ العین سے کی تھی، جن سے ان کا بیٹا پہلاج حسن ہے۔ 2012 میں انہوں نے میڈیا پرسن فرح اقرار سے دوسری شادی کی جو تقریباً پانچ سال تک خفیہ رکھی گئی۔ بعد ازاں اکتوبر 2023 میں اقرار الحسن نے نیوز اینکر عروسہ خان سے تیسری شادی کی۔















































