ممبئی: بالی وڈ اداکارہ نورا فتیحی اور شردھا کپور سمیت چند دیگر شخصیات پر مبینہ طور پر انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی ڈرگ پارٹیوں میں شرکت کا الزام لگا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کے اینٹی نارکوٹکس سیل نے داؤد ابراہیم سے منسلک ایک مبینہ بین الاقوامی ڈرگ نیٹ ورک کی تحقیقات کے دوران متعدد بالی وڈ شخصیات کے نام سامنے آنے کا دعویٰ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ نیٹ ورک سلیم ڈولا چلا رہا تھا جبکہ اس کے بیٹے طاہر ڈولا کے بیانات نے تحقیقات کو مزید آگے بڑھا دیا۔
حکام کے مطابق سلیم ڈولا ملک اور بیرونِ ملک ایسی پارٹیوں کا انعقاد کرتا تھا جس میں داؤد ابراہیم کی بھانجی علیشاہ پارکر کے علاوہ فیشن اور فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شریک ہوتی تھیں۔ طاہر ڈولا کو بیرون ملک سے گرفتار کرکے اگست میں بھارت واپس لایا گیا تھا، جہاں اس نے بتایا کہ ان پارٹیوں میں اداکار، ماڈلز، ریپرز اور فلم ساز بھی موجود ہوتے تھے۔
تحقیقات میں شردھا کپور، نورا فتیحی اور سدھارتھ کپور کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔
نورا فتیحی نے اس حوالے سے انسٹاگرام پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بھی ایسی پارٹیوں میں شریک نہیں ہوتیں اور مسلسل کام اور سفر میں مصروف رہتی ہیں۔ انہوں نے میڈیا رپورٹس کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا افراد سے کوئی تعلق نہیں۔ نورا نے مزید کہا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن اب وہ اس بار خاموش نہیں رہیں گی۔















































