لاہور( این این آئی)معروف یو ٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی اہلیہ کی جانب سے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے افسران کے خلاف درج کرائے گئے مقدمے کے متن کے مزید مندرجات سامنے آئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ افسران نے اہل خانہ سے مجموعی طور پر 10کروڑ سے زائد رشوت وصول کی۔ ایف آئی آر میں افسران پر ٹک ٹاک اکائونٹ سے 3لاکھ 26 ہزار 420 ڈالرز نکالنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔اس سے قبل اہل خانہ سے90لاکھ روپے وصول کرنے کی بات سامنے آئی تھی ۔
مقدمے میں نامزد افسران میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چودھری، ڈپٹی ڈائریکٹر زوار احمد، اسلام آباد ہیڈکوارٹر کے دو ڈپٹی ڈائریکٹرز محمد عثمان اور ایاز خان ،اسٹنٹ ڈائریکٹر لاہور شعیب ریاض اور مجتبیٰظفر ،سب انسپکٹر لاہور یاسر رمضان، علی رضا کے علاوہ سلمان عزیز نامی شخص بھی نامزد ہے۔واضح رہے کہ ڈکی بھائی 20 اگست سے این سی سی آئی اے کی تحویل میں ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ وہ ایک بین الاقوامی آن لائن جوئے کے نیٹ ورک کے ساتھ منسلک ہیں اور بھاری رقوم کے عوض سوشل میڈیا پر جوئے کی ایپس کی تشہیر کر رہے تھے۔














































