اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک بل گیٹس نے اب بھارتی ٹی وی ڈراموں میں بھی انٹری دے دی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بل گیٹس مشہور بھارتی ڈرامے “کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی 2” میں نظر آئیں گے۔حال ہی میں جاری کیے گئے ڈرامے کے ایک نئے پرومو میں بل گیٹس کو ڈرامے کی مرکزی کردار تُلسی ویرانی (جسے اداکارہ اسمرتی ایرانی نے نبھایا ہے) کے ساتھ ویڈیو کال پر گفتگو کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں تُلسی اپنے مخصوص انداز میں بل گیٹس سے کہتی ہیں:“یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ آپ امریکا سے براہِ راست میرے خاندان سے جڑ رہے ہیں، ہم سب آپ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔”پرومو کے کیپشن سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ بل گیٹس کی یہ ڈرامائی شمولیت محض تفریح نہیں بلکہ ایک سماجی مہم کا حصہ ہے۔رپورٹس کے مطابق بل گیٹس کا یہ خصوصی ظہور ماں اور بچے کی صحت سے متعلق آگاہی مہم کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔















































