اسلام آباد (نیوز ڈیسک)مقبول بھارتی ریئلٹی شو بگ باس 19 میں گلوکار امل ملک اور مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی اداکارہ فرحانہ بھٹ کے درمیان جھگڑے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے شو کے میزبان سلمان خان اور انتظامیہ پر جانبداری کے سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔بھارتی ویب سائٹ منٹ کے مطابق ہفتے کے روز نشر ہونے والی قسط میں سلمان خان نے امل ملک کو فرحانہ بھٹ کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر صرف “آخری وارننگ” دے کر چھوڑ دیا، جس پر مداحوں نے شدید ردِعمل دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر “#BoycottAmaalMalik” اور “#EvictAmaalMalik” جیسے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرنے لگے، صارفین کا کہنا تھا کہ سلمان خان نے امل ملک کے لیے نرم رویہ اختیار کیا اور شو کی انتظامیہ نے جان بوجھ کر ان کی امیج کو صاف دکھانے کی کوشش کی۔ویکنڈ کے خصوصی شو میں سلمان خان نے امل ملک کے والد اور معروف موسیقار ڈبو ملک کو بھی مدعو کیا، جنہوں نے اپنے بیٹے کو نرم لہجے میں نصیحت کی کہ وہ نامناسب زبان استعمال نہ کرے۔ امل ملک اس موقع پر آبدیدہ نظر آئے، لیکن ناظرین اس منظر سے مطمئن نہیں ہوئے۔صارفین نے سلمان خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “آپ نے ایک بدتمیز شخص کو کلین چِٹ دے دی، ماضی میں ایسے رویے پر دیگر امیدواروں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی تھی، مگر امل ملک کے معاملے میں نرمی کیوں برتی گئی؟”کئی سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ “یہ نیپو کلچر کی واضح مثال ہے، امل ملک کو صرف اس لیے بچایا جا رہا ہے کہ وہ مشہور خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔
”رپورٹس کے مطابق امل ملک اور فرحانہ بھٹ کے درمیان پہلے بھی کئی بار تکرار ہو چکی تھی، لیکن تنازع اُس وقت شدت اختیار کر گیا جب کپتانی کے ٹاسک کے دوران فرحانہ نے نیلم گیری کا خط پھاڑ دیا۔ جواباً امل ملک نے ان کا کھانا چھین کر پلیٹ توڑ دی اور ان کے اہلخانہ کے بارے میں بھی نازیبا زبان استعمال کی، جس پر باقی شرکاء نے بھی ان کے رویے کی مذمت کی۔تاہم سلمان خان نے اس بار اپنے ماضی کی طرح سخت مؤقف نہیں اپنایا بلکہ امل ملک کو سمجھاتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ “اوپر والے نے روزی دی ہے، آپ کو کسی کی پلیٹ چھیننے کا حق نہیں۔”سلمان کے اس ردعمل پر مداحوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “اتنی کھلی جانبداری شرمناک ہے، ایسے رویے سے بگ باس کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔”















































