روم(این این آئی)مشہور اطالوی ماڈل اور ریئلٹی ٹی وی اسٹار پامیلا جینینی کو بوائے فرینڈ نے چاقو کے وار سے قتل کر دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی کی معروف 29 سالہ ماڈل پامیلا جینینی کو ان کے 52 سالہ بوائے فرینڈ نے چاقو کے 24 سے زائد وار کرکے قتل کر دیا۔ جینینی کا بوائے فرینڈ جیان لوکا سونچن سے ان کے فلیٹ میں شدید جھگڑا ہوا، جس دوران غصے میں آکر سونچن نے انہیں چاقو مار دیا۔پڑوسیوں نے جھگڑے کی چیخیں سننے کے بعد فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا، مگر پولیس کی پہنچنے سے پہلے ہی جینینی دم توڑ چکی تھیں۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں جسم پر 24 سے زیادہ چاقو کے زخم ملے ہیں۔ قتل کے بعد سونچن نے خودکشی کی کوشش میں اپنی گردن دو بار کاٹ لی، لیکن وہ زندہ بچ گئے اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ جینینی اپنے بوائے فرینڈ سے بریک اپ کا فیصلہ کر چکی تھیں، جس نے جھگڑے کو جنم دیا۔ پولیس نے فلیٹ کو سیل کر دیا ہے اور فارنزک ٹیم تحقیقات کر رہی ہے۔ حکام نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ دونوں ایک ہی فلیٹ میں ساتھ رہتے تھے۔