اسلام آباد (نیوز ڈیسک) برطانوی روزنامہ دی گارڈین کی تازہ رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا غیر متوقع طرزِ عمل سنبھالنے اور اُنہیں بحسنِ خوبی قابو میں رکھنے کی صلاحیت صرف پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف میں تھی۔رپورٹ کے مطابق، شرم الشیخ میں ہونے والے غزہ امن سربراہ اجلاس کے دوران ٹرمپ نے کئی عالمی رہنماؤں کو مشکل صورت حال میں ڈال دیا۔
وہ اطالوی وزیراعظم کی تعریف کرتے نظر آئے، اچانک برطانوی وزیراعظم کیئرسٹارمر کے پاس جا کر مائیک اٹھا لیا، اور کینیڈا کے وزیراعظم کو مذاقاً “گورنر” کہہ کر مخاطب کیا۔تاہم، دی گارڈن کا موقف ہے کہ ان تمام معاملات کے بیچ صرف شہباز شریف نے ٹرمپ کے رویے کو مؤثر انداز میں سنبھالا۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر کے دوران ٹرمپ کی دل کھول کر تعریفی الفاظ میں تعریف کی اور جب ٹرمپ دوبارہ اسٹیج کی طرف بڑھنے لگے تو خوش اخلاقی سے انہیں روکا، اپنی بات مکمل کی، جس پر ٹرمپ مسکرا دیے۔اخبار لکھتا ہے کہ ٹرمپ کی تاخیر، بے ساختہ بیانات اور غیر رسمی انداز کے باوجود، شہباز شریف نے اپنی سفارتی مہارت سے امریکی صدر کو مکمل طور پر نظم و ضبط میں رکھا اور محفل کو متوازن انداز میں آگے بڑھایا۔