اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی اداکارہ سارہ خان، جو پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے والی پہلی بھارتی فنکارہ بھی ہیں، رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئیں
بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان نے ایک مرتبہ پھر شادی کرلی ہے۔ اداکارہ نے اپنی شادی کی خوشخبری انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ باقاعدہ طور پر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، سارہ خان نے اپنے دیرینہ دوست اداکار و پروڈیوسر کرش پاٹھک سے دوسری شادی کی ہے۔ یہ جوڑا کافی عرصے سے ایک دوسرے کو جانتا تھا۔
سارہ خان کی پہلی شادی 2010 میں مشہور رئیلٹی شو ’بگ باس‘ میں شریک اداکار علی مرچنٹ سے ہوئی تھی، تاہم یہ رشتہ زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکا اور دونوں میں جلد ہی علیحدگی ہوگئی۔ اب تقریباً 15 سال بعد، 36 سالہ سارہ خان نے 32 سالہ کرش پاٹھک سے ازدواجی زندگی کا نیا سفر شروع کیا ہے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سارہ خان کو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں کام کرنے والی پہلی بھارتی اداکارہ ہونے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 2016 میں ڈرامہ ’’بے خودی‘‘ اور 2017 میں ’’لیکن‘‘ کے ذریعے پاکستانی ناظرین کے دل جیتے۔
اس کے علاوہ وہ ڈرامے ’’یہ کیسی محبت ہے‘‘ اور ٹیلی فلم ’’تجھ سے ہی رابطہ‘‘ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
سارہ خان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، جہاں مداح انہیں زندگی کے نئے سفر پر مبارکباد دے رہے ہیں۔