اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کابل سے اطلاعات ہیں کہ طالبان حکومت کی جانب سے ملک میں انٹرنیٹ سروس معطل کیے جانے کے بعد کابل انٹرنیشنل ائیرپورٹ بھی مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔انٹرنیٹ کی معطلی کے باعث اندرون اور بیرون ملک رابطوں میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں، جب کہ ضروری شعبے جیسے بینکنگ اور آن لائن تعلیمی نظام بھی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔کابل ایئرپورٹ کے حالات بتاتے ہوئے ایک مقامی شہری نے کہا کہ ایئرپورٹ تقریباً ویران دکھائی دیتا ہے اور پروازوں کی آمد و رفت مکمل طور پر رکی ہوئی ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار24 کے مطابق منگل کے روز کابل آنے اور جانے والی کچھ پروازیں منسوخ ہوئیں، جب کہ کئی پروازوں کی حیثیت ’’نامعلوم‘‘ ظاہر کی گئی۔ایک مسافر نے بتایا کہ انہیں ایئرپورٹ حکام کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ جمعرات سے پہلے کسی پرواز کی روانگی ممکن نہیں۔ ایک اور رہائشی نے تصدیق کی کہ پیر کی شام سے ہی تمام پروازیں ملتوی کر دی گئی ہیں۔ابھی تک طالبان حکومت کی طرف سے انٹرنیٹ بند کرنے کی باضابطہ وجہ سامنے نہیں آئی۔ حکام نے صرف یہ کہا ہے کہ یہ فیصلہ پیر سے نافذ کیا گیا ہے اور اگلے حکم تک برقرار رہے گا۔