اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا اور دھمکیوں کے کیس میں گرفتار ملزم حسن زاہد کی ضمانت منظور کرلی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری عامر ضیا نے مقدمے کی سماعت کی، جس میں تفتیشی افسر محمد اسحاق عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ سامعہ حجاب بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔ عدالتی عملے کی ہدایت پر میڈیا نمائندوں کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کا کہا گیا۔سماعت کے دوران جج نے سامعہ حجاب سے استفسار کیا کہ کیا معاملہ ختم ہوگیا ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ جی ہاں، مسئلہ حل ہوگیا ہے۔
سامعہ حجاب نے مزید کہا کہ انہیں ملزم کی ضمانت یا رہائی پر کوئی اعتراض نہیں۔ ان کے بیان کے بعد عدالت نے حسن زاہد کی ضمانت منظور کرلی۔ واضح رہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ شالیمار میں دو مقدمات درج تھے۔عدالت سے باہر آتے ہی سامعہ حجاب کو صحافیوں کے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک صحافی نے پوچھا کہ “کل تک آپ معافی دینے کو تیار نہیں تھیں، آج اچانک کیوں معاف کردیا؟ کیا آپ نے پیسے لے کر ڈیل کی ہے؟” بعض سوالات میں یہ بھی کہا گیا کہ “قوم نے آپ کا ساتھ دیا، لیکن اب آپ پیچھے ہٹ رہی ہیں، اس کی کیا وجہ ہے؟”کچھ صحافیوں نے یہ سوال بھی کیا کہ “کیا آپ پر کوئی دباؤ ہے؟ کیا آپ کی جان کو لاحق خطرہ ختم ہوگیا ہے؟ یا پھر یہ بات درست ہے کہ آپ نے مبینہ طور پر بڑی رقم کے بدلے صلح کرلی؟”تاہم سامعہ حجاب نے صحافیوں کے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کیا اور خاموشی سے عدالت سے روانہ ہوگئیں۔
View this post on Instagram