اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو اغوا کرنے کے کیس میں ملزم حسن زاہد کی ایک مقدمے میں ضمانت منظور کرلی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عامر ضیا نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو اغوا کرنے کے کیس میں ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا میرا موکل اغوا کے مقدمے میں بے گناہ ہے، اس پر ہراساں اور بلیک میل کرنے کے لیے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی ملزم حسن زاہد کی ضمانت منظور کی جائے۔عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم حسن زاہد کی ضمانت 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی تاہم ملزم دوسرے مقدمے میں 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔عدالت نے ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر 9 ستمبر کو دلائل طلب کر لیے۔