لاہور( این این آئی)آن لائن جوئے کی غیر قانونی تشہیر سے متعلق جاری تحقیقات میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف گھیرا تنگ ہونے لگا ہے اور اب معروف ٹک ٹاکر مناہل ملک کا نام بھی ریڈار پر آ چکا ہے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ ادارے سوشل میڈیا پر آن لائن جوئے اور بیٹنگ ویب سائٹس کی پروموشن کرنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔
اس تناظر میں مناہل ملک کی کچھ ویڈیوز اور سوشل میڈیا پوسٹس زیر تفتیش ہیں جن میں مبینہ طور پر غیر قانونی جوئے کی تشہیر کی گئی تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن جوئے کی تشہیر پاکستان کے سائبر قوانین اور پی ٹی اے کی پالیسی کے تحت قابلِ گرفت جرم ہے۔ متعدد سوشل میڈیا شخصیات کو نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں اور بعض کے سوشل میڈیا اکائونٹس کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔مناہل ملک کے علاوہ دیگر ٹک ٹاکرز اور انسٹاگرام انفلوئنسرز کے خلاف بھی تحقیقات جای ہیں جو مختلف بیٹنگ ایپس یا ویب سائٹس کی پروموشن کرتے پائے گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز رکھنے والے افراد کا ایسا غیر قانونی مواد پروموٹ کرنا نوجوانوں کو غلط راستے کی طرف لے جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق الزامات ثابت ہو نے پر ٹک ٹاکر کو ایف آئی اے کی جانب سے ممکنہ طور پر طلب بھی کیا جا سکتا ہے اورمزید پیشرفت آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔