اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بھارت کے معروف پلے بیک سنگر سونُو نگم نے پاکستانی لیجنڈری گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں اپنی کامیابی کا اہم سبب قرار دیا۔ایک حالیہ انٹرویو میں سونُو نگم نے بتایا کہ ان کے موسیقی کے سفر میں پہلا بڑا موقع اس وقت آیا جب انہوں نے عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا مشہور گانا “اچھا صلہ دیا تُو نے میرے پیار کا” گایا۔ اس گانے نے نہ صرف انہیں بھارت بھر میں پہچان دلائی بلکہ ان کے کیریئر میں کامیابی کے نئے دروازے بھی کھول دیے۔
انہوں نے کہا کہ عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی ایک عظیم شخصیت ہیں اور ان کا میری زندگی میں اہم کردار ہے۔ جب میں نے ان کا یہ گانا گایا تو انہوں نے مجھے فون پر مبارکباد دی اور کہا: ’مسٹر سونُو، میں عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی پاکستان سے بات کر رہا ہوں، آپ نے میرا گانا بہت خوبصورت گایا ہے۔‘سونُو نگم نے مزید بتایا کہ اس وقت وہ صرف انیس برس کے تھے اور یہ لمحہ ان کے لیے زندگی بھر یادگار بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا یہ گانا ان کے کیریئر میں حقیقی ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔سونُو نگم کے اس بیان کے بعد نہ صرف ان کے بھارتی مداح متاثر ہوئے بلکہ پاکستانی شائقینِ موسیقی نے بھی اس بات پر فخر محسوس کیا کہ ایک بھارتی سپر اسٹار نے اپنی کامیابی کا سہرا پاکستانی گلوکار کو دیا۔