اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارتی فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے 51 سالہ اداکار کلابھاون نواس کی موت کی افسوسناک خبر منظر عام پر آئی ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کی لاش کوچی کے ایک ہوٹل کے کمرے سے برآمد ہوئی جہاں وہ فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں مقیم تھے۔ذرائع کے مطابق، نواس کو ہوٹل کا کمرہ طے شدہ وقت پر خالی کرنا تھا، لیکن جب وہ چیک آؤٹ کے لیے باہر نہ نکلے تو ہوٹل انتظامیہ نے کمرہ چیک کیا۔
انہیں وہاں بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، جس کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ بدقسمتی سے ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کمرے سے کوئی غیر معمولی یا مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی، اور موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ کلابھاون نواس نے 1995 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور کئی کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی مشہور فلموں میں “ہٹلر برادرز” اور “جونیئر منڈار” قابل ذکر ہیں۔ ان کے انتقال پر فلم انڈسٹری اور مداحوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔