اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے حالیہ ویڈیو پیغام کے ذریعے فیشن انڈسٹری میں اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک ناخوشگوار واقعے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے چند مشہور شخصیات پر سنجیدہ الزامات عائد کیے ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں علیزے شاہ نے انکشاف کیا کہ ایک برائیڈل فیشن شو کے دوران اُن کا اسٹیج پر گرنا محض ایک حادثہ نہیں تھا، بلکہ گلوکارہ شازیہ منظور نے بارہا اُنہیں غیر ارادی طور پر نہیں بلکہ جان بوجھ کر تھاما اور دھکا دیا، جس کے باعث وہ توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور گر گئیں۔
علیزے شاہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ شازیہ منظور ماضی میں بھی اس قسم کے رویے کا مظاہرہ کر چکی ہیں اور سوشل میڈیا کی معروف شخصیت جنت مرزا کے ساتھ بھی اسی نوعیت کا برتاؤ روا رکھا گیا تھا۔اداکارہ نے شو کی میزبان جگن کاظم کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے واقعے کی سنگینی کو سمجھنے کے بجائے مزاح کا انداز اپنایا اور ان کے گرنے پر مذاق اڑایا، جو کہ ایک غیر ذمہ دارانہ اور غیر پیشہ ورانہ رویہ تھا۔علیزے شاہ کا کہنا ہے کہ وہ انڈسٹری میں موجود منفی عناصر کے خلاف اپنی آواز بلند کرتی رہیں گی اور کسی بھی ناانصافی پر خاموشی اختیار نہیں کریں گی۔ ان کے مطابق وہ آئندہ بھی اپنے ساتھ ہونے والے غیر مناسب سلوک کو منظر عام پر لاتی رہیں گی۔ان کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گیا ہے اور بہت سے صارفین نے ان کی جرات کو سراہتے ہوئے ان کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔