اسلام آباد ۰نیوز ڈیسک) مشہور پاکستانی اداکارہ حمیرا اصغر کی پر اسرار ہلاکت کے معاملے پر تفتیشی اداروں کی تحقیقات جاری ہیں۔نجی ٹی وی چینل “جیو نیوز” کی رپورٹ کے مطابق، تفتیشی حکام نے بتایا ہے کہ اداکارہ کے فلیٹ کی تمام چابیاں برآمد کر لی گئی ہیں، جن میں مرکزی دروازے کی تین چابیاں بھی شامل ہیں، جو فلیٹ کے اندر سے ملی ہیں۔تحقیقات میں بلڈنگ کی انتظامیہ، چوکیدار اور اداکارہ کی سابقہ گھریلو ملازمہ کو شامل کر لیا گیا ہے۔
تفتیشی افسران کے مطابق یہ تمام افراد اکتوبر 2024 تک حمیرا اصغر کے ساتھ رابطے میں تھے، جبکہ گھریلو ملازمہ نے رواں سال کے دوران نوکری چھوڑ دی تھی۔تحقیقاتی ذرائع نے یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ اداکارہ ممکنہ طور پر مالی مشکلات کا شکار تھیں۔ ان کا آخری کمرشل شوٹ ستمبر 2024 میں ہوا، اور وہ اکتوبر 2024 میں کام کے حوالے سے مختلف افراد سے رابطے میں تھیں۔اس کے علاوہ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ فلیٹ کے اطراف میں کسی قسم کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں تھے، جس کی وجہ سے واقعے کی نگرانی کے شواہد دستیاب نہیں ہو سکے۔اداکارہ کی موت کے پسِ پردہ حقائق جاننے کے لیے پولیس مزید افراد سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور تحقیقات کو ہر ممکن زاویے سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔