اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کراچی کے ڈیفنس فیز 6 میں مردہ حالت میں پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کے کیس میں پولیس نے تحقیقات کو مزید وسعت دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے اداکارہ کے زیرِ استعمال تمام الیکٹرانک ڈیوائسز، جن میں تین موبائل فون، ایک ٹیبلٹ اور ایک لیپ ٹاپ شامل ہیں، کا ڈیٹا حاصل کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان تمام گیجٹس کے پاس ورڈز اداکارہ کی ذاتی ڈائری میں تحریر تھے، جس کی مدد سے پولیس نے ان ڈیوائسز کو کامیابی سے ان لاک کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دو افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید دو افراد کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اداکارہ کے معمولات زندگی کو بھی کھنگالا جا رہا ہے، جن میں ان کے جم جانے اور بیوٹیشن سے ملاقاتوں کے پہلو شامل ہیں۔
مزید برآں، پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کے چند قریبی افراد سے مسلسل رابطہ تھا اور ان کے مالی معاملات، خصوصاً بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی جانچ کے عمل سے گزر رہی ہیں۔ پولیس اداکارہ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کا بغور جائزہ لے رہی ہے تاکہ موت کی اصل وجوہات تک پہنچا جا سکے۔