اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کو گزشتہ روز لاہور میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ تدفین کے موقع پر پہلی بار ان کے والد میڈیا کے سامنے آئے اور صحافیوں کے سوالات کا جواب دیا۔تدفین کے دوران جب صحافی نے ان سے پوچھا کہ آپ گزشتہ 9 ماہ سے بیٹی سے رابطے میں نہیں تھے، اور اب جو پوسٹ مارٹم رپورٹ آئی ہے، اس پر آپ کا کیا مؤقف ہے؟ تو حمیرا کے والد نے جواب دیا: “مجھے اس بارے میں کوئی تفصیل معلوم نہیں، یہ ساری معلومات میرے بیٹے کے پاس ہیں۔ میرے پاس اسمارٹ فون بھی نہیں ہے، میں سادہ موبائل استعمال کرتا ہوں۔
“انہوں نے یہ تاثر بھی رد کیا کہ اہل خانہ نے اداکارہ کی لاش وصول کرنے سے انکار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا، “ایسی کوئی بات نہیں ہوئی، ہم نے لاش لینے سے کبھی انکار نہیں کیا۔ ابھی تک میڈیکل مکمل نہیں ہوا تھا، میڈیکل کے بعد ہی لاش ورثاء کے حوالے کی جاتی ہے۔”جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا بیٹی کی موت کے حوالے سے تحقیقات ہونی چاہئیں، تو انہوں نے آسمان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، “جو اللہ کو منظور ہوگا، وہی بہتر ہوگا۔”اس موقع پر حمیرا اصغر کے کزن نے بھی گفتگو کی اور بتایا کہ حالیہ دنوں ان کے ماموں (حمیرا کے والد) گاؤں میں تھے کیونکہ ان کی والدہ (یعنی حمیرا کی دادی) کا انتقال ہوا تھا، اسی وجہ سے وہ غم کی حالت میں تھے اور منظرعام پر نہیں آئے۔