اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف پاکستانی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی جانب سے اپنی قریبی سہیلی کو بھیجا گیا آخری آڈیو پیغام منظرِ عام پر آ گیا ہے۔
در شہوار نامی ان کی دوست نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے حمیرا کا آخری وائس نوٹ شیئر کیا، جو انہیں ستمبر 2024 میں موصول ہوا تھا۔ اس پیغام میں حمیرا نے معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مصروفیت کے باعث کال ریسیو نہ کر سکیں، ساتھ ہی انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی دوست مکہ مکرمہ میں موجود ہے۔
آڈیو پیغام میں حمیرا نے اپنی دوست سے دل سے دعاؤں کی اپیل کی اور کہا: “اپنی پیاری سی دوست کے لیے بہت ساری دعائیں مانگنا، خاص طور پر میرے کیریئر کے لیے، مجھے اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھنا۔”
یاد رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں واقع ایک فلیٹ سے اس وقت برآمد ہوئی جب مکان کے کرایے کی عدم ادائیگی پر عدالتی بیلف نے کارروائی کرتے ہوئے دروازہ توڑا تو فلیٹ کے اندر ان کی لاش ملی۔
پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حمیرا کی لاش مکمل طور پر ڈی کمپوز ہو چکی تھی، جس سے اندازہ لگایا گیا کہ ان کی موت کو تقریباً آٹھ ماہ گزر چکے ہیں۔