اسلام آباد (نیوز ڈیسک): کراچی میں انتقال کر جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کے لیے محکمہ ثقافت سندھ نے ذمہ داری اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رابطہ کیا اور کہا کہ اداکارہ کی تدفین اور دیگر رسمی کارروائیوں کا مکمل انتظام محکمہ ثقافت کرے گا۔
وزیر ثقافت نے وضاحت کی کہ ان کی اولین ترجیح یہ ہے کہ مرحومہ کے اہل خانہ تدفین کے لیے آگے آئیں، تاہم اگر ورثا لاش وصول کرنے سے گریز کریں یا تدفین نہ کریں، تو ایسی صورت میں محکمہ ثقافت مرحومہ کی ذمہ داری خود اٹھائے گا۔
یاد رہے کہ حمیرا اصغر کا تعلق لاہور سے تھا لیکن وہ گزشتہ کچھ عرصے سے کراچی میں مقیم تھیں۔ ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد سرد خانے منتقل کیا گیا ہے اور پولیس نے ان کے لواحقین سے بھی رابطہ قائم کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مرحومہ نے 2018 میں مذکورہ فلیٹ کرائے پر لیا تھا، تاہم 2024 سے کرایہ ادا نہ کرنے پر مالک مکان نے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی۔ عدالتی احکامات پر جب پولیس فلیٹ خالی کرانے پہنچی تو دروازہ بند پایا، جسے توڑ کر اندر داخل ہونے پر حمیرا اصغر کی لاش ملی۔