اسلام آباد (نیوز ڈیسک): کراچی کے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کے موبائل فون کا فارنزک تجزیہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی اسد رضا نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ فارنزک رپورٹ کے مطابق اداکارہ کا موبائل فون آخری مرتبہ اکتوبر 2024 میں فعال تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اداکارہ نے آخری پیغام ایک آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کو بھیجا تھا۔
حکام کے مطابق اداکارہ کے موبائل فون میں اکتوبر 2024 کے بعد کسی قسم کی کال یا پیغام کا اندراج نہیں ملا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس کے بعد سے مکمل طور پر غیر فعال تھیں۔
ادھر اداکارہ کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ گزشتہ 9 ماہ سے کسی بھی پلیٹ فارم پر سرگرم نہیں تھیں۔ فیس بک پر ان کی آخری پوسٹ 11 ستمبر 2024 کو کی گئی تھی، جبکہ انسٹاگرام پر وہ آخری بار 30 ستمبر 2024 کو متحرک نظر آئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کا عمل جاری ہے اور دیگر شواہد کی جانچ کے بعد ہی موت کی وجوہات سے متعلق حتمی رائے دی جا سکے گی۔