کراچی(این این آئی)اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے کا معاملہ، تحقیقات میں ہوشربا انکشافات سامنے آنے لگے۔ایس ایس پی سائوتھ مہزور علی نے بتایا کہ ڈیفنس فیز 6 سے ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ممکنہ طور پر 6 ماہ سے زائد پرانی لگتی ہے، حتمی طور پر حقائق میڈیکل رپورٹ میں سامنے آئیں گے۔مہزور علی نے کہا کہ اداکارہ کے فلیٹ سے ملنے والے کھانے پینے کے سامان پر ایکسپائری تاریخ 2024 کی درج ہے، اداکارہ کے فلیٹ سے ملنے والا سامان 2024 کے آخری ماہ میں ایکسپائر ہو چکا ہے۔ایس ایس پی سائوتھ نے بتایا کہ اداکارہ کے فون ریکارڈ میں بھی آخری کالز اور میسجز 2024 کے ہیں، اداکارہ کے فون کے میسجز ستمبر اور اکتوبر 2024 کے ہیں۔
مہزور علی نے کہا کہ ممکنہ طور پر اگر کوئی دوسرا موبائل فون ہے تو اس کی تلاش جاری ہے، اداکارہ کے موبائل فونز میں آخری میسج نجی آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا ہے۔ایس ایس پی سائوتھ نے مزید بتایا کہ اداکارہ کے گھر کی بجلی بھی کافی عرصے سے کٹی ہوئی ہے، اداکارہ کا فلیٹ کا مالک سے آخری رابطہ بھی 2024 میں ہوا تھا۔مہزور علی نے کہا کہ اب تک کی میڈیکل رپورٹ میں اداکارہ کے جسم پر کوئی نشانات موجود نہیں ہیں۔