اسلام آباد (نیوز ڈیسک)معروف پاکستانی اداکارہ اور سماجی رہنما نادیہ جمیل نے حالیہ دنوں میں شوہر اور بیوی کے تعلق پر دیے گئے اپنے بیان کے حوالے سے وضاحتی پیغام جاری کیا ہے۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اپنی نئی پوسٹ میں نادیہ جمیل نے واضح کیا کہ ان کے الفاظ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی اس مؤقف پر قائم ہیں کہ ایک بیوی کا کردار ماں سے مختلف ہوتا ہے، اور بیوی کو کبھی شوہر کی ماں کا کردار ادا کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
اداکارہ نے مزید کہا، “میں اپنے شوہر کی والدہ نہیں ہوں، ان کی اپنی ماں حیات ہیں، اور انہوں نے کبھی مجھے اس نظر سے نہیں دیکھا۔ ایک بیوی اور ایک ماں کے فرائض مختلف ہوتے ہیں، اور میں دونوں رشتوں کو الگ طور پر نبھاتی ہوں۔”نادیہ جمیل کے مطابق شادی کے بعد میاں بیوی کے تعلقات محبت اور خیال رکھنے پر مبنی ہوتے ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ بیوی، شوہر کی ماں کا کردار سنبھالے۔انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ان کے ویڈیو کلپ کو سیاق سے ہٹ کر پھیلایا گیا، جس کی وجہ سے لوگوں کو ان کی بات کا غلط مطلب سمجھ آیا، اسی لیے انہوں نے وضاحت دینا ضروری سمجھا۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں نادیہ جمیل کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ یہ کہتی نظر آئیں کہ بیٹے کی ماں ہونے کے ناتے وہ اس کے ناز نخرے اٹھا سکتی ہیں، لیکن یہ توقع نہ کی جائے کہ اس کی بیوی یا منگیتر بھی ایسا کرے گی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شوہروں کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ بیویاں ان کی ماں نہیں ہوتیں، اور نہ ہی انہیں یہ ذمہ داری سونپنی چاہیے۔