اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عدالت نے ریاست مخالف مواد کی اشاعت کے معاملے پر 27 مشہور یوٹیوب چینلز کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔یہ فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے بعد سنایا گیا۔ سماعت کے دوران ایف آئی اے کے افسران اور متعلقہ حکام نے عدالت کو تفصیلی بریفنگ دی۔
عدالت نے یوٹیوب کے انچارج افسر کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر ان 27 یوٹیوب چینلز کو بلاک کریں، جن کے ذریعے ریاست مخالف مواد پھیلانے کے شواہد ایف آئی اے نے فراہم کیے ہیں۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے 2 جون کو اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور پیش کیے گئے ثبوتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان چینلز پر موجود مواد ریاستی مفادات کے خلاف ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی کی اجازت دیتے ہوئے حکم جاری کیا کہ یوٹیوب پلیٹ فارم سے ان چینلز کو ہٹایا جائے۔