اسلام آباد (نیوز ڈیسک): نیلم منیر کی زندگی سے متعلق سات برس پرانی پیش گوئی پوری ہوگئی، اداکارہ بھی حیران
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور خوبرو اداکارہ نیلم منیر کے بارے میں 2016 میں کی گئی ایک پیش گوئی حال ہی میں سچ ثابت ہو گئی، جس پر اداکارہ خود بھی دنگ رہ گئیں۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران نیلم منیر نے انکشاف کیا کہ کچھ عرصہ قبل وہ ایک حادثے کا شکار ہوئیں جس کے نتیجے میں ان کا پاؤں فریکچر ہوگیا۔ اسی پروگرام میں میزبان نے ماضی کی ایک ویڈیو دکھائی، جو 2016 کے ایک شو سے لی گئی تھی۔
اس پرانی ویڈیو میں فلکیات کے ماہر آغا بہشتی نے نیلم منیر کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے پیش گوئی کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ اداکارہ کی شادی کسی عرب ملک میں ہوگی، یا ممکن ہے وہ خلیجی ریاست سے تعلق رکھنے والے شخص کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں اور پھر بیرون ملک منتقل ہو جائیں۔
شو میں موجود دیگر شخصیات میں معروف مزاح نگار مرحوم عمر شریف بھی شامل تھے، جنہوں نے بھی اس پیش گوئی کو دلچسپی سے سنا۔ نیلم منیر نے اس وقت پیش گوئی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کبھی پاکستان چھوڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتیں۔
تاہم اب حالات کچھ مختلف نظر آتے ہیں۔ رواں سال کے آغاز میں نیلم منیر نے دبئی پولیس کے کرمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (CID) سے منسلک ایک پاکستانی افسر سے شادی کی اور اس کے بعد مستقل طور پر دبئی منتقل ہو گئی ہیں۔
نیلم منیر کی یہ نئی زندگی اور ماضی کی پیش گوئی کی تکمیل نے ان کے مداحوں کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے، اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے خوب تبصرے کیے جا رہے ہیں۔