اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ مائرہ خان نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کی اور اداکارہ غنا علی کے درمیان ایک شوٹنگ ٹرپ کے دوران جھگڑا ہوا، جو ہاتھا پائی تک جا پہنچا تھا۔
مائرہ خان جیو ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے میزبان تابش ہاشمی کے مختلف سوالات کے جواب دیے اور اپنے کیریئر کے دلچسپ اور حیران کن واقعات پر روشنی ڈالی۔
ایک سوال کے جواب میں مائرہ نے تسلیم کیا کہ جاپان میں ایک ڈرامہ شوٹ کے دوران ان کا غنا علی کے ساتھ شدید جھگڑا ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ کا مقام پہاڑی علاقہ تھا جہاں انٹرنیٹ کی سہولت تقریباً نہ ہونے کے برابر تھی اور ایک ہی وائی فائی ڈیوائس دستیاب تھی۔
مائرہ نے مزید کہا کہ “آج کل ہر کوئی سوشل میڈیا پر اسٹوریز ڈالنے میں مصروف ہوتا ہے، اس لیے نیٹ کا نہ ہونا سب کے لیے مسئلہ بن جاتا ہے، یہی بات جھگڑے کی وجہ بنی۔”
ان کا کہنا تھا کہ دونوں اداکارائیں وائی فائی ڈیوائس چھیننے کی کوشش کر رہی تھیں اور نوبت اس قدر بگڑ گئی کہ رونا دھونا شروع ہو گیا۔ خوش قسمتی سے مائرہ کی والدہ بھی ان کے ساتھ تھیں، جنہوں نے بیچ بچاؤ کروا کے معاملہ ختم کروایا۔
اداکارہ نے ہنستے ہوئے مزید بتایا کہ بعد میں یہ طے پایا کہ دونوں اداکارائیں باری باری ایک ایک رات وائی فائی استعمال کریں گی تاکہ آئندہ کسی قسم کی تلخی سے بچا جا سکے۔