اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف اداکارہ اور ٹی وی ہوسٹ فضا علی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ خواتین کے زبان کے استعمال پر سخت الفاظ میں اظہارِ خیال کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
یہ ویڈیو ایک رمضان ٹرانسمیشن کی ہے جو ’نیوز 24‘ چینل پر نشر کی گئی، جہاں فضا علی نے “شوہروں کے حقوق اور خواتین کے رویے” کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکثر خواتین کی زبان کا تیکھا اور تلخ انداز ان کے ازدواجی مسائل کی بڑی وجہ بنتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مرد سخت موسم، دھوپ اور مشکلات میں بھی کام کر کے گھر لوٹتے ہیں، لیکن ان کا سامنا خواتین کی شکایتوں اور نازیبا الفاظ سے ہوتا ہے۔ فضا نے واضح الفاظ میں کہا کہ خواتین کو اپنی گفتگو اور لہجے پر قابو رکھنا چاہیے کیونکہ ان کے بقول، “سب سے زیادہ خواتین دوزخ میں اپنی زبان کی وجہ سے جائیں گی۔”
انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے شوہروں کی عزت کریں، نرم لہجے میں بات کریں اور گھریلو سکون کے لیے تلخی سے گریز کریں۔ فضا علی کا یہ بیان پروگرام میں موجود شرکاء اور ناظرین میں مختلف آراء کا باعث بنا، کچھ افراد نے ان کے خیالات کی حمایت کی جبکہ کچھ نے تنقید کا نشانہ بنایا۔
یہ ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے جہاں صارفین خواتین و مرد دونوں کے کردار پر اپنی آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔