لاہور ( این این آئی) عید الفطر کے موقع پر پاکستانی فلم سازوں نے جہاں نئی فلمیں ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے، وہیں شائقین کے لیے پرانی فلموں کو بھی ریلیز کیا جائے گا۔اس بار شائقین عید کے موقع پر ماضی کی مقبول فلمیں جوانی پھر نہیں آنی، ٹچ بٹن، پنجاب نہیں جاوں گی، جوانی پھر نہیں آنی ٹو اور تیری میری کہانیاں جیسی فلمیں بھی دوبارہ دیکھ سکیں گے۔
اسی طرح اس بار عید پر شائقین کو پنجابی بھارتی فلموں سمیت جنوبی بھارتی فلمیں بھی دیکھنے کو ملیں گی۔عید الفطر کے موقع پر ملک کے تمام سینمائوں میں اس بار انڈونیشن اور جرمن فلموں سمیت ہولی وڈ فلمیں بھی ریلیز کی جائیں گی۔عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی نئی فلموں میں شہروز سبزواری اور سعیدہ امتیاز کی قلفی سرفہرست ہے۔اس کے علاوہ اس بار لمبی جدائی، کبیر اور عشق لاہور جیسی نئی فلمیں بھی ریلیز کی جائیں گی۔بابر علی، شہروز سبزواری، جاوید شیخ، معمر رانا اور سعیدہ امتیاز کی کاسٹ پر مبنی فلم ”قلفی ”کو اس عید کی سب سے بڑی فلم قرار دیا جا رہا ہے۔پروڈیوسر میسم علی اور ہدایت کار نیہا لاج کی فلم ”کبیر” میں عدنان شاہ ٹیپو، انعم تنویر، سخاوت ناز، میسم علی اور جہانگیر خان جانی ایکشن میں نظر آئیں گے۔جاوید شیخ اور صائمہ نور جیسی کاسٹ پر مبنی پنجابی ایکشن فلم ”عشق لاہور”کو بھی عید کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا، اس میں دیگر اداکار بھی دکھائی دیں گے۔بابر علی، حریم فاطمہ، طیب خان اور فضا مرزا سمیت دیگر کاسٹ پر مبنی ”لمبی جدائی ”بھی عید پر ملک بھر میں ریلیز کی جائے گی۔
پاکستانی نژاد امریکی فلم ساز شاز خان کی ”مارشل آرٹسٹ ”کو بھی عید الفطر پر پاکستان میں ریلیز کیا جائے گا۔یہ فلم انگریزی زبان میں بنائی گئی ہے تاہم فلم کی کہانی پاکستانی سماج پر بنائی گئی ہے۔جوانی پھر نہیں آنی سیریز کی دونوں فلموں کو بھی عید پر ریلیز کیا جائے گا۔اس کے علاوہ فرحان سعید، فیروز خان اور سونیا حسین کی فلم ٹچ بٹن اور تیری میری کہانیاں کو بھی سینماوں میں ریلیز کیا جائے گا۔پاکستان کی پرانی فلموں کے علاوہ بھارت کی پرانی پنجابی فلمیں بھی پاکستانی سینماوں میں ریلیز کی جائیں گی، جن میں کیری آن جٹا 3 بھی شامل ہے۔
اسی طرح عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی انڈونیشین فلمیں بھی پرانی ہوں گی، جنہیں اردو زبان میں ڈب کرکے پیش کیا جائے گا۔اس فلم کو پہلی بار 2023 میں ریلیز کیا گیا تھا، اب اسے دو سال بعد دوبارہ ریلیز کیا جا رہا ہے۔”جوانی پھر نہیں آنی”مصالحہ کامیڈی اس فلم کو پہلی بار 2015 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اب 10 سال بعد دوبارہ اسے سینماوں میں پیش کیا جا رہا ہے۔”تیری میری کہانیاں”اس فلم کو بھی ابتدائی طور پر 2023 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اب اسے دو سال بعد دوبارہ پیش کیا جا رہا ہے۔”جوانی پھر نہیں آنی ٹو”اس فلم کو ابتدائی طور پر 2018 میں پیش کیا گیا تھا اور اسے اب 7 سال بعد دوبارہ ریلیز کیا رہا ہے۔”پنجاب نہیں جائوں گی”سال 2017کی مقبول ترین کو بھی 8 سال بعد دوبارہ عید کے موقع پر سینماوں میں پیش کیا جا رہا ہے۔