کراچی (این این آئی)پاکستان کی سینئر اور ورسٹائل اداکارہ بشری انصاری نے رمضان کی ٹرانسمیشنز کے اثرات پر بات کی ہے اور کہا کہ ان ٹرانسمیشنز کی وجہ سے لوگ عبادتوں سے دور ہوگئے ہیں۔سینئر اداکارہ نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر نیا وی لاگ شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے کچھ باتیں شیئر کیں۔
اس دوران وہ افطاری کی تیاری میں بھی مصروف نظر آئیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے رمضان میں لوگ روزہ رکھتے ہوئے عبادت میں مشغول ہوتے تھے، قرآن پڑھتے اور تسبیحات پڑھتے تھے، لیکن اب رمضان کی ٹرانسمیشنز میں اتنا وقت گزارتے ہیں کہ عبادات کی جانب کم توجہ دیتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان ٹرانسمیشنز پہلے بھی ہوتی تھیں، لیکن آج کل یہ ایک بڑا ٹرینڈ بن چکا ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی کبھی کبھار رمضان ٹرانسمیشنز میں شرکت کرتی ہیں تاکہ لوگوں کا دل بہلے اور انہیں خوشی ملے، مگر وہ مانتی ہیں کہ عبادت اور تسبیحات پر پہلے زیادہ زور دیا جاتا تھا۔
بشری انصاری نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ لوگ اب رمضان میں صرف روزہ رکھنے کے بجائے فاقہ کرنے لگے ہیں، یعنی کہ صرف کھانے پینے سے رک کر اس کا مقصد کھو بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب لوگ رمضان ٹرانسمیشنز نہیں دیکھتے تھے تو ان کی عبادت پر زیادہ توجہ مرکوز ہوتی تھی، اور وہ روزے کے پورے مقصد کو بہتر طریقے سے سمجھ پاتے تھے۔