اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ٹک ٹاکر امشا رحمان کی مبینہ ویڈیو لیک کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی ضمانت منظورایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے خاتون ٹک ٹاکر امشا رحمان کی مبینہ ویڈیو لیک کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم عبدالعزیز کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی۔ امشا رحمان نے ملزم کی جانب سے معافی مانگنے پر اسے مشروط معافی دے دی۔
لاہور کی عدالت میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عدنان رسول لاڑک نے ملزم کی ضمانت پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت، ٹک ٹاکر امشا رحمان نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ملزم عبدالعزیز کو معاف کرنے کے لیے تیار ہیں، بشرطیکہ وہ اپنی غلطی پر شرمندگی کا اظہار کرے۔ملزم کے وکیل، ہادی علی چٹھہ، نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کا موکل اپنے کیے پر نادم ہے اور اس نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ضمانت کی مخالفت نہیں کر رہے اور چاہتے ہیں کہ عدالت اس معافی کو عدالتی حکم نامے کا حصہ بنا دے۔واضح رہے کہ ایف آئی اے نے عبدالعزیز کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا تھا، اور اس پر الزام تھا کہ اس نے ٹک ٹاکر امشا رحمان کی مبینہ نازیبا ویڈیو وائرل کی تھی۔