لاہور(این این آئی)مشہور ٹک ٹاکر ذوالقرنین سکندر کو حالیہ دنوں میں ایک غیر متوقع واقعے کا سامنا کرنا پڑا جب وہ اپنے قریبی دوست کی شادی میں شرکت کے دوران گرفتار ہوگئے۔ تقریب کے دوران بغیر کسی واضح وجہ کے پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا اور سات سے آٹھ گھنٹوں تک زیر حراست رکھا۔ اس واقعے نے ذوالقرنین کے اہل خانہ اور دوستوں کو شدید پریشان کردیا۔ ذوالقرنین سکندر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے اس واقعے پر شدید مایوسی اور غصے کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہاکہ اس ملک میں کچھ بھی ممکن ہے، مجھے ان افراد کا علم نہیں ہے جو مجھے بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،میرے خلاف ایک جعلی ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے اور میں جلد ہی اس معاملے پر تفصیل سے بات کروں گا۔ ذوالقرنین نے اپنی ایک ویڈیو میں واقعے کی تفصیلات بھی شیئر کی ہیں اور اسکرین شاٹ کے ذریعے تحریری معلومات فراہم کی ہیں۔ٹاک ٹاکر کے چاہنے والے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں۔