ممبئی (این این آئی)جنوبی بھارت کے اسٹار اداکار یش کے کیریئر اور شہرت کو فلم کے جی ایف کے دونوں حصوں نے پر لگادیے۔ وہ دیکھتے ہی دیکھتے نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں پسند کیے جانے لگے۔تاہم بہت کم ہی لوگ یہ جانتے ہیں یش فلموں میں آنے سے قبل چائے بیچا کرتے تھے اور انکی دن بھر کی کمائی صرف 50 روپے ہوا کرتی تھی۔ تاہم کے جی ایف کی دونوں فلموں، جنہوں نے مجموعی طور پر 1500 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا، کناڈا سنیما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ اب بھارت کے نامور اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔
اس مقام تک پہنچنے کا یش کا سفر آسان نہ تھا۔ ایک بس ڈرائیور کے بیٹے کی حیثیت سے شروع ہونے والا یہ سفر جدوجہد اور محنت سے بھرا ہے۔جب یش صرف 16 سال کے تھے تو انہوں نے اپنے والدین کو قائل کیا کہ وہ گھر چھوڑ کر سنیما کی دنیا کے خواب کو جینے دیں۔ انہیں ایک کناڈا فلم میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر رکھا گیا تھا لیکن بنگلور پہنچنے کے دو دن بعد ہی یہ پروجیکٹ بند ہوگیا۔یش کہتے ہیں، میں گھر سے بھاگ آیا تھا۔ جب بنگلور پہنچا تو یہ شہر بہت بڑا اور خوفناک لگا لیکن میں ہمیشہ خود پر اعتماد رکھنے والا انسان تھا۔ جدوجہد سے ڈرنے والا نہیں تھا۔ میرے پاس صرف 300 روپے تھے اور میں جانتا تھا کہ اگر واپس چلا گیا تو میرے والدین دوبارہ مجھے یہاں آنے کی اجازت نہیں دیں گے۔