ممبئی (این این آئی)نامور بھارتی اداکارہ و سلیبریٹی ملائیکا اروڑا اپنے بیٹے کے بغیر رہنے کی عادت ڈال رہی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ملائیکا اور سابقہ شوہر ارباز خان کے بیٹے ارہان خان اپنی تعلیم کے سلسلے میں بیرون ملک چلے گئے ہیں۔ رواں ماہ ہی ملائیکا نے بیٹے کو بیرون ملک پڑھائی پر جانے کے لیے الوداع کہا تھا۔ تاہم ملائیکا نے بعد میں بیٹے کے ہمراہ اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی، جسے شیئر کرتے ہوئے ملائیکا کا کہنا تھا کہ وہ بیٹے کے بغیر رہنے کی عادت ڈال رہی ہیں۔ لیکن انہوں نے بیٹے کے بارے میں یہ نہیں بتایا کہ وہ مستقبل میں کیا کرنا چاہتے ہیں۔ اپنے پیغام میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ بلاشبہ بہت مشکل ہے اور میں اپنے بیٹے کے آس پاس نہ ہونے کی عادت ڈال رہی ہوں، میرا نہیں خیال کہ مجھے کبھی اس کے بغیر رہنے کی عادت ہوپائے گی۔