کراچی(این این آئی/مانیٹرنگ ڈیسک )اداکارہ اقرا عزیز اور یاسرحسین نے مداحوں کو خوشخبری سنائی ہے کہ وہ جلد پہلے بچے کو خوش آمدید کہنے والے ہیں۔اس جوڑی نے انسٹاگرام پراقرا کی گود بھرائی کی رسم کی دلکش تصاویر اپنے فالوورز کیلئے شیئرکیں جو سوشل میڈیا پرخوب وائرل ہورہی ہیں۔اقرا نے یاسرکے ساتھ تصویرشیئرکی جس میں اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ
وہ امید سے ہیں، اداکارہ نے کیپشن میں بتایا کہ ان کے یہاں بچے کی پیدائش جولائی 2021 میں متوقع ہے۔یاسر نے بھی خوبصورت تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا اللہ ہمیشہ ہی ہم پر مہربان رہا ہے اور اس بار تو اس کی کرم نوازی بے مثال ہے۔ اولاد اللہ کا خوبصورت تحفہ ہے، الحمد اللہ ہم بہت خوش ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آپ بھی ہمیں اپنی دعائوں میں یاد رکھیں گے ۔ایک اورتصویرکے کیپشن میں گود بھرائی کے ٹائٹل کے ساتھ اقرا نے لکھاکہ اس خوبصورت سفرمیں آپ ہمیشہ سے ہی ایک حیرت انگیز پارٹنر رہے ہیں، آپ کو میرا بنانے کیلئے میں اللہ کی انتہائی شکرگزار ہوں ۔اب اس تقریب سے متعلق ایک اور خاص چیز اقراء عزیز کا گودبھرائی کی تقریب میں پہنا جانے والا دوپٹہ ہے جسے خوبصورت کام دار پھولوں اور اردو اسکرپٹ کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔100 خاص پیغامات سے مزین منفرد اور خوبصورت دوپٹہ ڈیزائنر فہد حسین کا تیار کردہ ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر فہد حسین کی جانب سے اقراء یاسر کی خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئے جوڑے کے لیے ایک پیغام درج کیا گیا ۔ اقرا نے بتایا کہ یاسر ان کی غذا ، آرام اور موڈ سمیت تمام چیزوں کا انتہائی خیال رکھ رہے ہیں اور وہ ایک ایسے آدمی کے ساتھ اپنی فیملی کا آغاز کرنے کے حوالے سے بہت زیادہ خوش ہیں۔واضح رہے کہ یاسراوراقرا کی شادی 28 دسمبر 2019 کو کراچی میں ہوئی تھی۔