نیویارک (این این آئی)کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے نیویارک میں موجود پاکستانی گلوکار سلمان احمد صحت یاب ہوگئے۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں گلوکار سلمان احمد نے بتایا کہ وائرس کا شکار ہونے کے بعد میں نے خود کو گھر میں محدود کرلیا تھا اور گزشتہ روز میرے 14 دن پورے ہوئے ہیں۔سلمان احمد نے بتایا کہ میری اہلیہ ڈاکٹر ثمینہ نے میرا علاج کیا اور دنیا بھر میں مداحوں نے میرے لیے دعا کی جس کی بدولت میرا کورونا
وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ 2 ہفتے میرے لیے امتحان تھے، اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ میں صحت یاب ہوگیا ہوں۔خیال رہے کہ 4 اپریل کو سلمان احمد کا کوروناوائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا بعد ازاں قرنطینہ میں رہنے کے دوران گلوکار اپنی طبیعت سے پریشان بھی نظر آئے تھے اور انہوں نے اس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھاکہ عجیب بیماری ہے، ایک دن بہتر ہوتا ہوں تو اگلے دن اٹھنے کی ہمت بھی نہیں ہوتی۔