لاہور (این این آئی)بھارتی فلم ملازمین کی تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن امپلائیز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے اگرچہ پہلے ہی بھارتی فنکاروں، اداکاروں اور کسی بھی طرح کے شوبز و میوزک فیسٹیول کرنے والے افراد کو پاکستانی فنکاروں اور اداکاروں کے ساتھ کام کرنے سے روک رکھا تھا۔تاہم اب اس تنظیم نے ایک قدم آگے جاتے ہوئے اپنے ملک کے فنکاروں کو پاکستانی فنکاروں کے ساتھ آن لائن ویڈیوز بنانے
یا ان کیساتھ کام کرنے سے بھی روک دیا ہے۔ایف ڈبلیو آئی سی ای نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اپنے تمام موسیقاروں، فنکاروں اور گلوکاروں سمیت تمام تکنیکی کام کرنے والے ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران بھی پاکستانی فنکاروں کے ساتھ آن لائن کوئی بھی سرگرمی نہ کریں۔تنظیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کو پتہ چلا ہے کہ کچھ بھارتی فنکار تنظیم کی بندش کے باوجود پڑوسی ملک پاکستان کے فنکاروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔تنظیم نے اپنے نوٹیفکیشن میں پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کا حوالہ دیا اور کہا کہ تنظیم کو پتہ چلا ہے کہ مذکورہ پاکستانی گلوکار کے ساتھ کچھ بھارتی موسیقار آن لائن کام کرنے جا رہے ہیں، تاہم تنظیم اس بیان کے ذریعے ایسا قدم اٹھانے والوں کو روک رہی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کچھ بھارتی موسیقاروں اور تکنیکی عملے نے حال ہی میں راحت فتح علی خان کے ساتھ آن لائن پروگرام میں معاونت کی اور یہ کہ وہ مزید بھی ایسا کرنے جا رہے ہیں جو کہ تنظیم کے ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔نوٹیفکیشن میں ارکان کو خبردار کیا گیا کہ وہ پاکستانی فنکاروں یا اداکاروں کے ساتھ آن لائن بھی کام کرنے سے گریز کریں، دوسری صورت میں ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔