کھڈیاں خاص(این این آئی)شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی اداکارہ،گلوکارہ و اینکر رابی پیرزادہ نے آن لائن دینی تعلیم دینی شروع کردی ،اس نیک کام کا آغاز انہوں نے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل سے شروع کیا اور اب تک وہ اس کے 7 لائیو سیشن کر چکی ہیں وہ ایک مخصوص وقت پر آن لائن ہوتی ہیں جہاں پر وہ آن لائن موجود اپنے پرستاروں کو دین کی تعلیم دے رہی ہیں
وہ دین کے بارے میں مختلف موضوعات پر بات چیت کررہی ہیں جس کے لیئے وہ قرآن پاک اور احادیث کی کتابوں کا حوالہ بھی دے رہی ہیں۔رابی پیرزادہ کا کہنا ہے کہ جب میں نے لائیو سیشن کا اعلان کیا تو پہلے تو لوگوں نے اس کا یقین نہیں کیا مگر جیسے ہی میں نے پہلا سیشن کیا تو لوگوں کی دلچسپی شروع ہو گئی اور اب اللہ کا شکرہے کہ کافی لوگ میرے ساتھ اس لائیو سیشن میں ہوتے ہیں جن کو میں دین کے بارے میں بتاتی ہو ں اور سمجھاتی ہوں اور لوگ بھی اس میں شریک ہوتے ہیں میں ان کے سوالات کے جوابات قرآن و حدیث کی روشنی میں حوالہ جات کے ساتھ دیتی ہوں۔رابی پیرزادہ کا کہنا ہے کہ میں اپنے رب کی شکر گزار ہوں جس نے مجھے موقع دیا کہ میں اپنے لوگوں کی اصلاح کر سکوں اور انہیں دین سے روشناس کروائوں لوگ بھی اس میں میرا بڑھ چڑھ کر ساتھ دیں اور میری ان لائیو ویڈیوز کو زیادہ سے زیادہ شئیر کریں تاکہ بہت سارے لوگوں تک یہ پہنچ سکے اور اس سے مستفید ہوسکیں۔رابی پیرزادہ اس کے ساتھ ساتھ کیلی گرافی اور پینٹنگز بنانے میں بھی مصروف ہیں جنہیں بے حد پسندکیا جارہاہے۔