لکھنو(ساوتھ ایشین وائر) ہندی فلموں کی گلوکارہ و اداکارہ بے بی ڈول اور چٹیاں کلیاں سے مقبول کنیکا کپور بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد ریاستی دارالحکومت میں کورونا مریضوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ پوری ریاست اترپردیش میں ابھی تک 23 مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔
کنیکا کپور حال ہی میں لندن سے واپس آئی تھی اور انہوں نے گزشتہ اتوار کو لکھنو میں 100 افراد کو پارٹی بھی دی تھی۔ انہیں کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے ۔ اس ہائی پروفائل پارٹی میں بی جے پی کے کئی قائدین نے شرکت کی تھی ۔ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ پازیٹیو نکلنے کے بعد پارٹی میں شریک کئی قائدین میں افراتفری پھیل گئی ہے ۔ اس پارٹی میں بی جے پی لیڈر ، سابق چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے اور ان کے فرزند دشانت سنگھ بھی شریک تھے ۔ بتایا جارہا ہے کہ لندن سے آنے کے بعد کنیکاکپور نے سابق رکن پارلیمنٹ اکبر احمد ڈمپی کی ڈالی باغ میں واقع رہائش گاہ پر ایک ہائی پروفائل پارٹی میں شریک ہوئی تھیں ۔ اس پارٹی میں 100 سے زیادہ اہم شخصیات بھی شامل تھیں جن میں کئی بڑے سیاستداں ، بڑے عہدیدار اور ججز بھی تھے ۔ کنیکاکپور کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو آنے کے بعد سابق چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے نے خود کو الگ تھلگ کرلیا ہے ۔ وہیں ان کے فرزند دشانت سنگھ نے بھی اپنا کورونا ٹسٹ کروایا ہے جو منفی آیا ہے ۔ علاوہ ازیں جتن پرساد بھی ایسولیشن میں چلے گئے ہیں ۔ 41 سالہ گلوکارہ کے والدراجوکپور نے کہا کہ لندن سے آنے کے بعد ان کی بیٹی نے 3 پارٹیوں میں شرکت کی ۔