اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی شہرت یافتہ امریکی پاپ اسٹار ایکن نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔سوشل میڈیا پر امریکی پاپ اسٹار ایکن کی تصاویر وائرل ہورہی ہیں جس میں ان کو خانہ کعبہ میں احرام پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔جیوز نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایکن حال ہی میں ایک کنسرٹ کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچے تھے جہاں عمرے کی سعادت حاصل کرنے سے قبل وہ دمام گئے تھے
وہاں انہوں نے ایک کنسرٹ بھی کیا اور بعد ازاں وہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ مکہ مکرمہ گئے۔امریکی پاپ اسٹار کے حوالے سے بہت ہی کم لوگوں کو یہ بات معلوم ہوگی کہ وہ ایک سیاہ فام مسلمان خاندان میں پیدا ہوئے تھے، گلوکار اپنی زندگی کی تمام تر کامیابی کی وجہ اپنے عقیدے کو سمجھتے ہیں۔معروف پاپ اسٹار اور ریپر ایکن نے اپنے مداحوں سے زندگی کے تجربات شیئر کرتے ہوئے اہم انکشاف کیا۔پاپ اسٹار ایکن کو شارجہ انٹرپرینیوریل فیسٹیول میں مدعو کیا گیا تھا جہاں انہوں نے اپنے مقبول گانے گانے کے بجائے اپنی زندگی کے تجربات پر بات کی۔شارجہ ایکسپو سینٹر میں فیسیٹول کے موقع پر جب 2000 سے زائد افراد اپنے پسندیدہ گلوکار کی پرفارمنس کے منتظر تھے وہیں ایکن نے پرفارمنس کے بجائے اپنی زندگی کے سفر سے متعلق ایک اہم خطاب کیا۔گلوکار نے بتایا کہ کس طرح وہ ایک کار لفٹر سے لے کر گریمی ایوارڈ جیتنے والے پاپ اسٹار اور ایک سماجی خدمت کرنے والے بنے۔انہوں نے بتایا کہ وہ موسیقی سے زیادہ انسانوں کی خدمت کرکے سکون پاتے ہیں۔ایکن نے انکشاف کیا کہ وہ مغربی افریقا کے ملک سینیگال کے مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئے۔انہوں نے کہا کہ لوگ یہ نہیں جانتے، میں افریقا میں سولر پروجیکٹ کے ذریعے سے پورے خطے میں شمسی توانائی فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔پاپ اسٹار ایکن نے بتایا کہ بعض اوقات کچھ چیزیں اس وقت ہوتی ہیں جب آپ یہ نہیں کرنا چاہتے لیکن جب خدا چاہتا ہے تو ایسا ہوتا ہے۔ایکن نے اپنی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے اصل کامیابی ایمان ہے، اگر خدا مجھ سے خوش نہیں تو میں کامیاب نہیں ہوں۔ 2015 میں متحدہ عرب امارات کے دی نیشنل اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے گلوکار کا کہنا تھا کہ میں سینیگال کے مسلمان گھرانے میں پیدا ہوا تھا جہاں کی کچھ جگہوں میں موسیقی کو حرام تصور کیا جاتا تھا۔